وائٹ ہاؤس نے ’’ٹرمپ ٹی وی‘‘ لانچ کردیا، 24گھنٹے ٹرانسمیشن شروع

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) وائٹ ہاؤس نے ’’ٹرمپ ٹی وی: دی ایسینشلز اسٹیشن‘‘ کے نام سے 24 گھنٹے چلنے والا اسٹریمنگ چینل شروع کردیا ہے، جس پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقاریر، انتظامیہ کے اہم بیانات اور دیگر ویڈیوز نشر کی جا رہی ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق چینل کی نشریات 24 گھنٹے جاری رہیں گی اور مواد کو حقیقی وقت میں اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔ چینل وائٹ ہاؤس کی ویب سائٹ، یوٹیوب اور سرکاری ایپ کے ذریعے دستیاب ہے۔ ابتدائی نشریات میں ٹرمپ کی سابقہ تقاریر اور انتظامیہ کی سرگرمیوں کی ویڈیوز شامل تھیں۔
یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ٹرمپ انتظامیہ نے CNN، MS NOW اور Politico کے صحافیوں کو وائٹ ہاؤس میں داخلے سے روک دیا ہے۔ تینوں اداروں نے اس اقدام کے خلاف عدالت سے رجوع کیا ہے۔
دوسری جانب امریکی ٹی وی نیٹ ورکس ABC، CBS، CNN، Fox اور NBC نے وائٹ ہاؤس کی مشترکہ ٹی وی کوریج معطل کردی۔ نیٹ ورکس کا کہنا ہے کہ صحافتی اداروں کو ان کی رپورٹنگ کی بنیاد پر سرکاری سرگرمیوں کی کوریج سے نہیں روکا جانا چاہیے۔



