ٹرمپ سے پہلی ملاقات میں اچھا رابطہ قائم ہوا، برطانوی وزیراعظم اینڈی برنہم
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی وزیراعظم اینڈی برنہم نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ پہلی بالمشافہ ملاقات کے دوران دونوں کے درمیان اچھا رابطہ قائم ہوا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ہونے والی ملاقات میں یوکرین، فاک لینڈ جزائر، تجارت اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے بعد اینڈی برنہم نے کہا کہ ابتدائی بات چیت کے دوران قائم ہونے والا اچھا رابطہ ملاقات میں مزید آگے بڑھا، جبکہ برطانیہ اور امریکا کے تعلقات انتہائی اہم ہیں اور دونوں ممالک اس شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کیلئے کام کریں گے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانیہ کے چاگوس جزائر اور ڈیگو گارشیا سے متعلق معاہدے پر ایک بار پھر تنقید کرتے ہوئے اسے ’’بہت خراب معاہدہ‘‘ قرار دیا۔
برطانیہ نے گزشتہ سال چاگوس جزائر کی خودمختاری ماریشس کو منتقل کرنے پر اتفاق کیا تھا، تاہم معاہدے کے تحت ڈیگو گارشیا اور وہاں موجود اہم امریکی، برطانوی فوجی اڈے کیلئے 99 سالہ لیز برقرار رکھنے کی تجویز دی گئی تھی۔ اس معاہدے پر عمل درآمد سے متعلق قانون سازی امریکی مخالفت کے باعث تاحال رکی ہوئی ہے۔



