وزیراعظم شہباز شریف کی کویتی ولی عہد سے اہم ملاقات، تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

نیویارک (جانو ڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف کی نیویارک میں کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد الصباح سے اہم ملاقات ہوئی، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور انسانی وسائل کی ترقی سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور کویت کے درمیان مضبوط اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید وسعت دینے پر زور دیا۔ملاقات کے دوران انسانی وسائل کی ترقی کے شعبے میں پاکستان اور کویت کے تعاون کو مزید بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی بات چیت کی، جبکہ امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے پاکستان اور کویت کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔



