پاکستان ریلوے میں کفایت شعاری کے بڑے فیصلے،بیرونِ ملک سرکاری دوروں پر پابندی

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے وزیراعظم کے کفایت شعاری اقدامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے پاکستان ریلوے میں اہم فیصلے کرلیے، ہاؤس بلڈنگ ایڈوانس قرضوں کا اجرا 31 دسمبر 2026 تک معطل جبکہ افسران اور ملازمین کے بیرونِ ملک سرکاری دوروں پر پابندی عائد کردی گئی۔
وزیر ریلوے نے اپنے سمیت پاکستان ریلوے کے تمام افسران اور ملازمین کے بیرونِ ملک سرکاری دوروں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس کے علاوہ تمام افسران کے سرکاری فیول میں 50 فیصد کمی کردی گئی ہے، جس میں وزیر ریلوے کا سرکاری فیول بھی شامل ہے۔
وزارت ریلوے کے مطابق محمد حنیف عباسی نے پاکستان ریلوے میں وزیراعظم کے کفایت شعاری اقدامات پر فوری عملدرآمد کا حکم دیتے ہوئے غیر ضروری اخراجات کم کرنے اور مالی نظم و ضبط یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
وزارت کے مطابق 31 دسمبر 2026 تک کسی افسر یا ملازم کو ہاؤس بلڈنگ ایڈوانس جاری نہیں کیا جائے گا جبکہ دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال اور غیر ضروری اخراجات کی روک تھام کے لیے کفایت شعاری اقدامات پر سختی سے عملدرآمد جاری رہے گا۔



