کترینہ کیف نے زچگی کے بعد جسمانی تبدیلیوں اور خوبصورتی کے بدلتے تصور پر بات کردی

ممبئی (جانو ڈاٹ پی کے) بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف نے زچگی کے بعد جسم میں آنے والی تبدیلیوں، جلد کی حساسیت اور خوبصورتی کے بدلتے تصور پر کھل کر گفتگو کی ہے۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں کترینہ کیف نے اپنی صحت اور ذاتی نگہداشت سے متعلق تجربات بیان کرتے ہوئے کہا کہ حمل کے بعد ان کی جلد پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ حساس ہوگئی تھی۔
اداکارہ کے مطابق زچگی کے بعد ان کے لیے یہ ایک چیلنجنگ مرحلہ تھا، کیونکہ انہیں یہ سمجھنے کی ضرورت پڑی کہ کون سی مصنوعات ان کی جلد کے لیے موزوں ہیں۔ وہ ایسی مصنوعات کی تلاش میں تھیں جو جلد کو سکون، ٹھنڈک اور بحالی کا احساس فراہم کرسکیں۔
کترینہ کیف نے خوبصورتی کے بارے میں اپنے بدلتے خیالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب انہوں نے ماڈلنگ اور اداکاری کا آغاز کیا تو خوبصورتی کے حوالے سے کئی دقیانوسی تصورات موجود تھے، تاہم وقت کے ساتھ ان کے نزدیک خوبصورت نظر آنے کا مفہوم کافی بدل گیا ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اب ان کے لیے بہترین نظر آنے کا مطلب صرف ظاہری شخصیت نہیں بلکہ اندر سے خود کو بہتر اور صحت مند محسوس کرنا ہے۔
کترینہ نے بتایا کہ صحت مند غذا، جسم میں سوزش کو قابو میں رکھنا، متحرک رہنا اور مراقبہ ان کے معمولات کا حصہ ہیں۔ ان کے مطابق وہ صبح کے وقت تقریباً ایک گھنٹہ فون سے دور رہنے اور قدرتی روشنی حاصل کرنے کی بھی کوشش کرتی ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ روزمرہ زندگی کی یہ عادات اس بات پر اثر انداز ہوتی ہیں کہ انسان خود کو کیسا محسوس کرتا ہے اور اس کا اثر بالآخر جلد اور ظاہری شخصیت پر بھی نظر آتا ہے۔
کترینہ کیف کے مطابق جب انسان خود کو صحت مند محسوس کرتا ہے تو اس کا اعتماد بھی قدرتی طور پر اس کی شخصیت میں نمایاں ہونے لگتا ہے۔
کترینہ کیف اور اداکار وکی کوشل نے دسمبر 2021 میں قریبی اہل خانہ اور دوستوں کی موجودگی میں شادی کی تھی۔ دونوں کے ہاں نومبر 2025 میں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی۔



