مبینہ آن لائن جوئے کی تحقیقات، محمد رضوان کے خلاف شکنجہ سخت

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) مبینہ آن لائن جوئے سے متعلق تحقیقات کے سلسلے میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی محمد رضوان کے موبائل فون کا فرانزک اور مبینہ رابطوں کی چھان بین جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق محمد رضوان کے مبینہ طور پر سٹہ کمپنیوں سے رابطوں سے متعلق تحقیقات کی جارہی ہیں، جبکہ کرکٹر کے موبائل فون سے کمپنی کے مالک کے ساتھ مبینہ گفتگو کو بھی مانیٹر کیا جارہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد رضوان سے ہوٹل کی لابی میں موبائل فون حاصل کیا گیا، تاہم کرکٹر نے ابتدائی طور پر ہوٹل میں موبائل فون دینے سے انکار کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق محمد رضوان اور کرکٹر امام الحق کے موبائل فونز کا فرانزک نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی جانب سے کیا جارہا ہے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ محمد رضوان کے ایجنٹ کے ساتھ مبینہ گفتگو سمیت دیگر رابطوں کی بھی چھان بین جاری ہے تاکہ تحقیقات میں سامنے آنے والے معاملات کی حقیقت کا تعین کیا جاسکے۔واضح رہے کہ مذکورہ معاملات سے متعلق حتمی نتائج تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آسکیں گے۔



