مالاکنڈ فائرنگ، 2 لیویز اہلکار زخمی، پی ٹی آئی ایم پی اے شکیل خان کے خلاف مقدمہ درج

مالاکنڈ(جانوڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا کے ضلع مالاکنڈ میں فائرنگ کے واقعے میں 2 لیویز اہلکار زخمی ہوگئے، جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی شکیل خان اور دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق واقعے کے وقت سوات سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی ایم پی اے شکیل خان کی موجودگی کا دعویٰ کیا گیا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں مبینہ طور پر ان کے گارڈز کو لیویز اہلکاروں پر فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

حکام کے مطابق واقعے کا اعلیٰ سطح پر نوٹس لیا گیا ہے اور نامزد افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کیے جانے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔

دوسری جانب شکیل خان نے حکام کو بھیجے گئے خط میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ بٹ خیلہ میں گھر جاتے ہوئے نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کی، جس کے بعد ان کے سکیورٹی گارڈز نے جوابی فائرنگ کی۔ ان کا دعویٰ ہے کہ حملہ آور انہیں اغوا اور قتل کرنا چاہتے تھے۔

واقعے کے محرکات اور فائرنگ کے ذمہ داروں کا تعین تحقیقات کے ذریعے کیا جارہا ہے۔ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button