اسلام آباد پہنچنے سے پہلے جماعت اسلامی کے لانگ مارچ میں بریک تھرو کا امکان

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر مذاکرات کے پانچویں دور کی اندرونی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جن کے مطابق حکومت کی جانب سے جماعت اسلامی کو عوامی ریلیف کے لیے بڑے پیکیج کی پیشکش کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کے مطابق ریلیف پیکیج پر عملدرآمد جماعت اسلامی کی ٹیکنیکل کمیٹی کی منظوری سے مشروط ہوگا، جبکہ حکومتی وفد نے جماعت اسلامی کی قیادت کو وزیراعظم شہباز شریف کو معاملے پر اعتماد میں لینے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی وطن واپسی پر جماعت اسلامی کی قیادت سے ملاقات متوقع ہے، جبکہ وزیراعظم کی جانب سے براہِ راست رابطے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
جماعت اسلامی کے ذرائع کے مطابق اگر حکومت عوام کو ریلیف دینے کے معاملے پر سنجیدہ پیش رفت کرتی ہے تو لانگ مارچ میں عارضی وقفہ ممکن ہے، تاہم پیٹرولیم لیوی کے حتمی خاتمے تک احتجاج ختم نہ کرنے کا مؤقف برقرار ہے۔ پانچویں دور کے مذاکرات میں حکومت نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر لانگ مارچ مؤخر کرنے کی درخواست بھی کی تھی۔
جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینا ہی تحریک کی بنیادی وجہ ہے، اگر حکومت سنجیدہ ہے تو وزیراعظم شہباز شریف کو مذاکراتی عمل میں براہِ راست شامل ہونا ہوگا۔
اس سے قبل حکومت اور جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی میں کمی اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے مشترکہ طور پر تجاویز مرتب کرنے کے لیے کمیٹیاں تشکیل دینے پر اتفاق کیا تھا۔



