ایران کا آبنائے ہرمز میں امریکی ایم کیو ون ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

تہران (ویب ڈیسک) ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی افواج نے آبنائے ہرمز کے اوپر ایک اور امریکی ایم کیو ون ڈرون کو نشانہ بنا کر مار گرایا ہے۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس نے آبنائے ہرمز کے قریب ایک امریکی ڈرون کو نشانہ بنایا۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون کو جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے روکا گیا اور تباہ کر دیا گیا۔ ایرانی بیان میں ڈرون کو امریکی قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ واقعہ آبنائے ہرمز کے اوپر پیش آیا۔
تاہم امریکی حکام کی جانب سے ایرانی دعوے کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی اور واقعے سے متعلق مزید تفصیلات بھی دستیاب نہیں ہیں۔
آبنائے ہرمز میں یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور خطے میں اس اہم بحری گزرگاہ کے گرد فوجی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔



