عباس عراقچی کا دوحہ میں مختصر قیام، آبنائے ہرمز پر ایرانی شرائط پر بات چیت

تہران(ویب ڈیسک) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے نیویارک روانگی کے دوران قطر کے دارالحکومت دوحہ میں مختصر قیام کیا، جہاں انہوں نے خطے کی تازہ صورتحال پر بات چیت کی۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق عباس عراقچی تہران سے نیویارک جاتے ہوئے دوحہ پہنچے اور قطر میں مختصر قیام کے دوران علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ قطر امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے دوران اہم ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔
عباس عراقچی کا دوحہ میں قیام ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب ایرانی حکام نے ثالثوں کے ذریعے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ختم کرنے کے لیے تہران کی شرائط سے دوبارہ آگاہ کیا ہے۔
آبنائے ہرمز کا معاملہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کا اہم مرکز بن چکا ہے۔ رپورٹ کے مطابق فروری کے آخر میں امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے جواب میں ایران نے اس اہم آبی گزرگاہ کی ناکہ بندی کی تھی۔
ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کے لیے ایرانی اجازت حاصل کرنے کی شرط عائد کیے جانے کی بات سامنے آئی ہے، جبکہ تہران اس راستے سے گزرنے والے بحری جہازوں سے خدمات کے عوض فیس وصول کرنے کے طریقہ کار پر بھی غور کر رہا ہے۔



