شمالی کوریا کا3گھنٹے میں2بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ،خطے میں تشویش بڑھ گئی

سیول (جانو ڈاٹ پی کے)شمالی کوریا نے ایک ہی روز میں صرف تین گھنٹوں کے دوران دو کم فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں کے تجربات کر ڈالے، جس کے بعد خطے میں ایک بار پھر کشیدگی اور تشویش بڑھ گئی ہے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق تقریباً ایک ہفتے کے دوران یہ شمالی کوریا کی جانب سے بیلسٹک میزائل تجربات کا دوسرا سلسلہ ہے۔
جنوبی کوریا کی وزارت دفاع کے مطابق اتوار کی سہ پہر بحیرہ جاپان کی جانب ایک شارٹ رینج بیلسٹک میزائل فائر کیے جانے کے تقریباً تین گھنٹے بعد شمالی کوریا نے ایک اور میزائل داغ دیا۔
جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے بتایا کہ پہلے میزائل کی لانچ کا سراغ سہ پہر تقریباً 3 بجے وونسان کے علاقے سے ملا۔ حکام نے ہتھیار کو بیلسٹک میزائل قرار دیا، جبکہ جاپان کی وزارت دفاع نے بھی اس کی نوعیت کی تصدیق کی۔
جاپانی سرکاری نشریاتی ادارے این ایچ کے کے مطابق میزائل جاپان کے خصوصی اقتصادی زون سے باہر سمندر میں گرا۔
جنوبی کوریا کی فوج کے مطابق پہلے میزائل نے تقریباً 450 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا اور امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ یہ میزائل ہواسونگ-11 سیریز سے تعلق رکھتا ہے۔
دوسری جانب جنوبی کوریا کی قومی سلامتی کونسل نے شمالی کوریا کے میزائل تجربے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پیانگ یانگ فوری طور پر میزائل سرگرمیاں بند کرے۔
قومی سلامتی کونسل کے مطابق شمالی کوریا کا یہ اقدام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی براہِ راست خلاف ورزی ہے۔



