ماسکو پر ڈرونز کی یلغار، روس کا 1600 سے زائد ڈرونز تباہ کرنے کا دعویٰ

ماسکو (جانو ڈاٹ پی کے)روس میں پارلیمانی انتخابات کے آخری روز ماسکو اور گردونواح پر بڑے پیمانے پر ڈرون حملوں نے صورتحال کشیدہ کردی، روسی حکام کے مطابق مختلف مقامات پر سیکڑوں ڈرونز سے حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم دو افراد ہلاک اور متعدد عمارتوں و تنصیبات کو نقصان پہنچا۔
ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین نے دعویٰ کیا کہ روسی فضائی دفاع نے 1600 سے زائد ڈرونز کو فضا میں ہی روک کر تباہ کیا، جن میں سے تقریباً 450 ڈرونز کا ہدف ماسکو شہر تھا۔
سوبیانین کے مطابق ڈرون حملوں کا یہ اب تک کا سب سے بڑا حملہ تھا جسے ناکام بنا دیا گیا۔
دوسری جانب یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یوکرین کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیاروں سے ماسکو کے خطے میں نمایاں اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
زیلنسکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ حملوں میں روسی تیل کی صنعت کی اہم تنصیبات اور لاجسٹکس مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔
ماسکو ریجن کے گورنر آندرے ووروبیوف کے مطابق دو مختلف مقامات پر کم از کم دو افراد ہلاک ہوئے، جن میں ایک 44 سالہ خاتون اور ایک بزرگ شہری شامل ہیں۔
روسی حکام کے مطابق ایک 21 منزلہ عمارت سے ڈرون ٹکرانے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں تقریباً 400 افراد کو عمارت سے بحفاظت نکالا گیا۔
ادھر روس کے زیر قبضہ جنوبی علاقے کھیرسون میں بھی یوکرینی ڈرون حملے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔ روسی حکام کے مطابق ایک بس کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں الیکشن کمیشن کے ایک رکن سمیت مزید دو افراد ہلاک ہوئے۔
روس اور یوکرین کی جانب سے حملوں اور نقصانات سے متعلق اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں، تاہم جنگی حالات کے باعث ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر فوری تصدیق مشکل ہے۔



