لاہور میں جنسی جرائم کے متعدد مقدمات درج،پولیس کی تحقیقات شروع

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)لاہور شہر میں جنسی جرائم کے متعدد واقعات کے مقدمات درج کرلیے گئے، پولیس نے مختلف تھانوں میں درج ایف آئی آرز کی بنیاد پر تحقیقات کا آغاز کردیا۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق شاہدرہ ٹاؤن کے علاقے میں 15 سالہ لڑکے سے تین ملزمان کی مبینہ اجتماعی زیادتی کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
اکبری گیٹ کے علاقے میں بھی 14 سالہ لڑکے سے دو ملزمان کی مبینہ اجتماعی زیادتی کے الزام میں ایف آئی آر درج کی گئی۔
اسی طرح کاہنہ کے علاقے میں ایک خاتون نے الزام عائد کیا کہ ملزم نے اسے شادی کا جھانسہ دے کر مبینہ جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور اس سے ڈھائی لاکھ روپے بھی حاصل کیے۔ واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
سول لائنز کے علاقے میں ایک خاتون کی جانب سے دو افراد پر ہوٹل میں مبینہ جنسی زیادتی کا الزام عائد کیا گیا، جس پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔
گلبرگ کے علاقے میں بھی ایک لڑکی کی جانب سے ایک شخص پر مبینہ جنسی زیادتی کا الزام عائد کیا گیا، واقعے کی ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔
دوسری جانب شاہدرہ ٹاؤن میں ہی ایک 15 سالہ لڑکی کو شادی کا جھانسہ دے کر مبینہ جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے الزام میں ایک شخص کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تمام واقعات کے مقدمات درج کرکے شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں اور تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس کے مطابق مقدمات میں عائد الزامات کی قانونی تفتیش کے بعد حقائق سامنے آئیں گے۔



