جماعت اسلامی کراچی کا گورنر ہاؤس کے باہر 35 روزہ دھرنا ختم، اسلام آباد لانگ مارچ کا اعلان

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کراچی کا گورنر ہاؤس کے باہر جاری 35 روزہ دھرنا ختم ہوگیا۔ جماعت اسلامی کی جانب سے آج کراچی کینٹ اسٹیشن سے اسلام آباد لانگ مارچ شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسلام آباد لانگ مارچ میں خیبر پختونخوا، بلوچستان اور سندھ سمیت مختلف علاقوں سے قافلے شریک ہوں گے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملک بھر میں احتجاجی تحریک پھیل چکی ہے اور گوجرانوالہ، مردان اور حیدرآباد میں جلسے کیے گئے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی پڑتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ان کی جماعت کی جدوجہد پٹرولیم لیوی، سود اور دیگر معاشی مسائل کے خلاف ہے اور یہ احتجاج چند روز تک محدود نہیں رہے گا۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ ان کے مطابق شوگر، آٹا، آئی پی پیز اور بینکنگ شعبے سے متعلق مختلف مفادات عوام پر بوجھ ڈال رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 35 روزہ احتجاج کے دوران عوام کو پٹرولیم لیوی کے معاملے سے آگاہی ملی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا پانچواں دور بھی ہوا، جس میں حکومتی وفد نے سکیورٹی خدشات کے باعث لانگ مارچ ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔

مذاکرات کے بعد جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت عوامی مطالبات پر عملی اقدامات کرے، بصورت دیگر پٹرولیم لیوی کے خاتمے تک احتجاج اور لانگ مارچ جاری رکھا جائے گا۔

حکومتی وفد نے جماعت اسلامی کو جلد عوامی سطح پر غیر معمولی ریلیف دینے کی یقین دہانی کرائی جبکہ مذاکرات میں آئی ایم ایف کے دباؤ اور وفد کی متوقع پاکستان آمد کا بھی ذکر کیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button