ایران کی امریکا سے مذاکرات کی بحالی کیلئے 7 شرائط، ٹرمپ کے جواب کا انتظار

تہران(ویب ڈیسک) ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری محسن رضائی نے کہا ہے کہ تہران نے قطر کے ذریعے امریکا کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے لیے 7 شرائط پیش کردی ہیں اور اب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جواب کا انتظار ہے۔
الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے محسن رضائی نے بتایا کہ ایران نے کسی بھی معاہدے تک پہنچنے کے لیے تمام محاذوں پر جنگ کے خاتمے، منجمد ایرانی اثاثوں کی بحالی اور امریکی بحری ناکہ بندی ختم کرنے سمیت مختلف مطالبات پیش کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران قطری ثالث کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور قطر نے تہران کے مطالبات واشنگٹن تک پہنچا دیے ہیں۔ ایرانی حکام کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان کئی ماہ سے جاری جنگ کے دوران بالواسطہ سفارت کاری کا سلسلہ جاری رہا، جو اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے خاتمے کے بعد بھی برقرار ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کی میزبانی میں جون میں ہونے والی بات چیت کے بعد اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے تھے، جس کا مقصد جنگ بندی اور وسیع تر معاہدے کی راہ ہموار کرنا تھا۔



