کراچی میں شوہر کے ساتھ دفتر جانے والی خاتون پر موٹر سائیکل سوار نے تیزاب پھینک دیا

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں شوہر کے ہمراہ دفتر جانے والی خاتون پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار نے تیزاب پھینک دیا، واقعے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

پولیس کے مطابق خاتون اپنے شوہر کے ساتھ صبح دفتر جارہی تھی کہ راستے میں موٹر سائیکل سوار نے اسے تیزاب کا نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون شارع فیصل پر واقع ایک دفتر میں ملازمت کرتی ہے اور اس کا شوہر اسے روزمرہ معمول کے مطابق دفتر چھوڑنے جارہا تھا کہ لیاقت آباد میں واقعہ پیش آیا۔

واقعے کا مقدمہ متاثرہ خاتون کی مدعیت میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کی جارہی ہیں جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button