کوہاٹ پولیس لائنز مسجد حملہ، اقوام متحدہ، قطر، سعودی عرب اور ایران کی شدید مذمت

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) اقوام متحدہ، قطر، سعودی عرب اور ایران نے خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں پولیس لائنز کی مسجد پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کوہاٹ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں۔

قطری وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ قطر ہر قسم کے تشدد، دہشت گردی اور جرائم کو مسترد کرتا ہے۔ عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانا ناقابل قبول ہے۔ قطر نے حملے میں جاں بحق افراد کے اہلخانہ، حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران دہشت گردی اور انتہا پسندی کی تمام اقسام کی پرزور مذمت کرتا ہے۔ عام شہریوں کے خلاف دہشت گرد کارروائیوں کا کوئی جواز نہیں۔

اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے خطے کے ممالک کے درمیان تعاون اور باہمی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

اس سے قبل سعودی وزارت خارجہ نے بھی کوہاٹ میں مسجد کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی تھی۔ سعودی وزارت خارجہ کے مطابق حملے میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب ہر قسم کے تشدد، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف برادر اسلامی جمہوریہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

سعودی وزارت خارجہ نے حملے میں جاں بحق افراد کے اہلخانہ، حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

مزید خبریں

Back to top button