ایران میں 3 لاکھ 13 ہزار جانثار متحرک، امریکا کو خطے سے نکلتے دیکھیں گے، بسیج سربراہ


تہران (ویب ڈیسک) ایران نے دشمن عناصر سے لاحق خطرات سے نمٹنے کے لیے 3 لاکھ 13 ہزار جانثاروں کو متحرک کردیا۔
تہران میں امام حسین چوک سے انقلاب چوک تک بڑا جلوس نکالا گیا، جس میں ’’جان فدا مہم‘‘ کی جنگی بٹالینز سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
منتظمین کے مطابق ’’جان فدا مہم‘‘ کا مقصد ایران کی پائیدار سکیورٹی کے قیام میں معاونت، قومی طاقت کا اظہار اور ملک دشمن عناصر سے لاحق خطرات کے مقابلے کے لیے مزاحمت کو مضبوط بنانا ہے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بسیج تنظیم کے سربراہ حسین تائب نے ’’جان فدا مہم‘‘ کو دنیا کی جنگی تاریخ کی سب سے بڑی عوامی مہم قرار دیتے ہوئے شرکا کے عزم اور ثابت قدمی کو سراہا۔
حسین تائب نے دعویٰ کیا کہ مستقبل قریب میں دنیا امریکا کو شکست کے ساتھ خطے سے نکلتے ہوئے دیکھے گی۔