پاکستان کی معیشت میں بڑا موڑ! 55 عالمی سرمایہ کاری فنڈز کی پاکستانی وفد سے ملاقاتیں

لندن(جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی استحکام کے مرحلے سے آگے بڑھتے ہوئے سرمایہ کاری، خودمختار معاشی بحالی اور وسیع تر سرمایہ تشکیل کی جانب گامزن ہے۔
لندن میں جے پی مورگن کی ایمرجنگ اینڈ فرنٹیئر مارکیٹس مواقع کانفرنس کے دوران خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے پاکستان کی معیشت کو درپیش بیرونی معاشی دباؤ، میکرو اکنامک استحکام اور مستقبل کی معاشی حکمت عملی پر تفصیلی اظہار خیال کیا۔
وفاقی وزیر خزانہ نے میکرو اکنامک استحکام کے حصول میں پاکستان کی پیش رفت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ترجیحات میں سرمایہ کاری، سرمایہ تشکیل، برآمدات میں اضافہ اور نجی شعبے کی قیادت میں معاشی ترقی شامل ہیں۔
کانفرنس کے دوران پاکستان کے حوالے سے عالمی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں اور بڑے منی مینیجرز کی جانب سے بھی دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔ مجموعی طور پر 55 عالمی سرمایہ کاری فنڈز نے پاکستانی وفد کے ساتھ متعدد ون آن ون ملاقاتوں اور ایک مکمل سرمایہ کار سیشن میں شرکت کی۔
ملاقاتوں میں پاکستان کی مستقبل کی معاشی سمت، سرمایہ کاری کے مواقع اور جاری معاشی تبدیلی کے پائیدار ہونے سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے باعث تمام ملاقاتیں ایک ہی روز میں منعقد کی گئیں۔



