ٹام کروز کابڑا اعلان،64سال کی عمر میں بھی نئے خواب کی تلاش

ہالی ووڈ (جانو ڈاٹ پی کے) ہالی ووڈ کے ایکشن ہیرو ٹام کروز نے کہا ہے کہ کئی دہائیوں پر محیط کامیاب فلمی سفر کے باوجود وہ ماضی کی کامیابیوں میں الجھ کر رہنے کے بجائے ہر بار ایک نئے خواب اور نئے چیلنج کی تلاش میں رہتے ہیں۔
64 سالہ ٹام کروز نے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنے طویل فلمی کیریئر، زندگی کے نظریے اور مستقبل کے عزائم پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ سوچنے پر یقین نہیں رکھتے کہ زندگی میں اپنی بلند ترین سطح حاصل کرچکے ہیں۔
اداکار کے مطابق زندگی مسلسل ان کی جانب بڑھ رہی ہے اور وہ بھی پوری توانائی کے ساتھ اس کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ آدھے دل سے زندگی گزارنے کے قائل نہیں اور ہمیشہ کچھ نیا کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔
ٹام کروز نے کہا کہ 64 برس کی عمر میں بھی انہیں محسوس ہوتا ہے کہ ابھی بہت کچھ باقی ہے۔ ان کے بقول زندگی میں ہمیشہ کوئی نہ کوئی نیا خواب سامنے آتا رہتا ہے، جبکہ خوابوں کا ختم ہوجانا زندگی کے جذبے کے کمزور پڑنے کے مترادف ہے۔
’مشن: امپاسیبل‘ سیریز کے معروف اسٹار نے زندگی کو کہانیوں کا مجموعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اسے عام انداز سے قدرے مختلف نظر سے دیکھتے ہیں۔ ان کے نزدیک ہر مرحلہ ایک نئی کہانی اور نئے تجربے کی بنیاد بن سکتا ہے۔
ٹام کروز خطرناک ایکشن مناظر اور متعدد اسٹنٹس خود انجام دینے کے باعث بھی عالمی شہرت رکھتے ہیں۔ ان کا حالیہ بیان اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ طویل فلمی سفر اور کامیابیوں کے باوجود مستقبل کے لیے نئے اہداف اور خواب تلاش کرنے کا سلسلہ جاری رکھنا چاہتے ہیں۔



