پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں بڑا اضافہ، مجموعی ذخائر 26 ارب 79 کروڑ ڈالر سے تجاوز

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں بڑی پیش رفت سامنے آگئی، یوروبانڈز کی 3 ارب ڈالر سے زائد رقم موصول ہونے کے بعد ملکی مجموعی زرمبادلہ ذخائر 26 ارب 79 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگئے جبکہ اسٹیٹ بینک کے سرکاری ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق 11 ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران عالمی مارکیٹ میں جاری کیے گئے یوروبانڈز کی ترسیلات پاکستان کو موصول ہوئیں۔
اعداد و شمار کے مطابق یوروبانڈز کے اجرا سے حاصل ہونے والی 3 ارب 6 کروڑ ڈالر کی رقم زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر میں شامل ہوئی، جس کے بعد اسٹیٹ بینک کے ذخائر 21 ارب 39 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے۔
مرکزی بینک کے مطابق کمرشل بینکوں کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر 5 ارب 40 کروڑ 22 لاکھ ڈالر ہیں۔
اس طرح اسٹیٹ بینک اور کمرشل بینکوں کے ذخائر کو ملا کر پاکستان کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر 26 ارب 80 کروڑ ڈالر کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
یوروبانڈز سے حاصل ہونے والی بڑی رقم کے باعث سرکاری ذخائر میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جسے ملکی زرمبادلہ کی پوزیشن کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔



