لانگ مارچ مقررہ تاریخ پر ہوگا، یہ شوقیہ نہیں انصاف مارچ ہے، بیرسٹر گوہر

پشاور(جانوڈاٹ پی کے)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ لانگ مارچ مقررہ تاریخ پر ہی ہوگا، یہ کوئی شوقیہ مارچ نہیں بلکہ انصاف کے لیے مارچ ہے، پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے کارکنوں کو اس حوالے سے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پنجاب میں اسٹریٹ موومنٹ پر پابندی کے باوجود لوگ باہر نکلے۔ پنجاب کے وزیراعلیٰ اور اراکین اسمبلی کے ساتھ اختیار کیے گئے رویے کی مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کو گاڑی میں بٹھا کر کسی چوک پر چھوڑنا نامناسب ہے، دوسرے صوبے سے آنے والے وزیراعلیٰ کی مہمان نوازی کی جانی چاہیے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ان کی جماعت پرامن احتجاج کرے گی، راستے بند نہیں کیے جائیں گے اور اشتعال پھیلانے سے گریز کیا جائے گا۔ ان کے مطابق احتجاج میں شریک کارکن نہتے ہوں گے اور اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھائیں گے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پنجاب کے اراکین اسمبلی سخت حالات میں وزیراعلیٰ کے ساتھ موجود رہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ اور آئینی عدالت میں ہونے والی سماعت پر افسوس ہوا، عدالتیں ایک دوسرے کو کیسز بھیج رہی ہیں، ایسا فیصلہ تو پنچایت بھی کرسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر ایک قوت کے طور پر ابھرا ہے، اب ملک میں معاشی استحکام بھی ہونا چاہیے، جو سب کو یکساں مواقع فراہم کرنے سے ممکن ہوگا۔
مولانا فضل الرحمان سے ملاقاتوں کے حوالے سے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ ملاقاتیں ہوئیں تاہم انہیں لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔ ان کے مطابق ملاقات کا مقصد حکومت کو اسمبلی اور سینیٹ میں جواب دہ بنانے کے لیے مشاورت کرنا تھا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جماعت اسلامی پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خاتمے کے لیے آواز اٹھا رہی ہے اور پی ٹی آئی ان معاملات پر جماعت اسلامی کے ساتھ ہے۔



