’منت‘ فروخت کردوں؟ شاہ رخ خان نے مداح کے مشورے پر دلچسپ جواب دے دیا

ممبئی(جانو ڈاٹ پی کے) بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان نے اپنے مشہور بنگلے ’منت‘ میں جاری تعمیراتی کام کے حوالے سے مداحوں کو نئی معلومات فراہم کردی ہیں۔
شاہ رخ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے روایتی ’Ask SRK‘ سیشن کے دوران اپنی آنے والی فلم ’کنگ‘ سمیت مختلف موضوعات پر مداحوں کے سوالات کے جواب دیے۔ اسی دوران ’منت‘ میں جاری تعمیر و تزئین کے حوالے سے بھی دلچسپ گفتگو ہوئی۔
ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع ’منت‘ شاہ رخ خان کے مداحوں کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔ ہر سال عید اور اداکار کی سالگرہ کے موقع پر بڑی تعداد میں مداح بنگلے کے باہر جمع ہوتے ہیں تاکہ اپنے پسندیدہ اداکار کی ایک جھلک دیکھ سکیں۔
تاہم گزشتہ سال 2 نومبر کو شاہ رخ خان اپنی سالگرہ کے موقع پر معمول کے مطابق بالکونی میں آکر مداحوں سے ملاقات نہیں کرسکے تھے، جس کے بعد اس حوالے سے مداحوں میں مختلف قیاس آرائیاں بھی سامنے آئیں۔
اسی تناظر میں ایک مداح نے شاہ رخ خان کو مذاقاً مشورہ دیا کہ اگر وہ اس بار بھی بالکونی میں نہیں آئیں گے تو ’منت‘ فروخت ہی کردیں۔
مداح کے اس دلچسپ مشورے پر شاہ رخ خان نے بھی مزاحیہ انداز اختیار کرتے ہوئے جواب دیا کہ وہ جلد نئی بالکونی میں مداحوں سے ملاقات کریں گے۔
اداکار نے مزید بتایا کہ ’منت‘ میں اس وقت ایک نئی گیلری تعمیر کی جا رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی تعمیر میں سہارا لینے کے لیے مناسب ہینڈل بھی موجود ہوگا۔تعمیراتی کام کے دوران شاہ رخ خان اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ قریبی اپارٹمنٹ میں منتقل ہوچکے ہیں۔دوسری جانب فلمی محاذ پر شاہ رخ خان کی اگلی فلم ’کنگ‘ ہے، جس میں ان کی بیٹی سہانا خان کے علاوہ دیپیکا پڈوکون اور ابھی ورما بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔ فراہم کردہ معلومات کے مطابق فلم 24 دسمبر 2026 کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔



