شادی سے 12 روز قبل خودکشی کا سوچ رہی تھی، مومنہ اقبال

لاہور(ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال نے مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کے ساتھ جاری تنازع پر خاموشی توڑتے ہوئے ہراسانی، بلیک میلنگ اور دھمکیوں کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔
مومنہ اقبال نے دعویٰ کیا کہ مبینہ دھمکیوں اور دباؤ کے باعث وہ اپنی شادی سے صرف 12 روز قبل شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھیں اور خودکشی کے بارے میں سوچ رہی تھیں۔
اداکارہ کے مطابق انہیں مبینہ طور پر نجی تصاویر اور دیگر ذاتی مواد سوشل میڈیا پر جاری کرنے کی دھمکیاں دی جا رہی تھیں، جس کے باعث انہیں اپنی عزت اور نجی زندگی متاثر ہونے کا شدید خدشہ لاحق تھا۔
مومنہ اقبال نے بتایا کہ جب ثاقب چدھڑ ان کے گھر رشتہ لے کر آئے تو ان کے والد نے فوری رضامندی کے بجائے کچھ وقت مانگا۔ اداکارہ کے مطابق چند ماہ بعد انہیں ثاقب چدھڑ کی پہلی اہلیہ کے پیغامات موصول ہونا شروع ہوئے، جن سے انہیں ان کی شادی شدہ ہونے کا علم ہوا۔
اداکارہ نے مزید دعویٰ کیا کہ ثاقب چدھڑ کو توقع تھی کہ جاری دباؤ اور تنازع کے نتیجے میں ان کے منگیتر حمزہ ان کا ساتھ چھوڑ دیں گے، تاہم ایسا نہیں ہوا اور حمزہ مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے رہے۔
مومنہ اقبال کی جانب سے عائد کیے گئے ان الزامات پر ثاقب چدھڑ کا مؤقف اس بیان میں شامل نہیں ہے۔



