پاکستانی خصوصی اقتصادی زون میں بھارتی بحری جہاز کی خلاف ورزی، پاکستان کا شدید احتجاج

اسلام آباد(جانوڈاٹ  پی کے)پاکستان نے بھارتی بحری جہاز آئی این ایس کولکتہ کی پاکستانی خصوصی اقتصادی زون میں خلاف ورزی پر بھارت سے شدید احتجاج کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی بحری جہاز کی پاکستانی خصوصی اقتصادی زون میں داخلے کی کارروائی انتہائی اشتعال انگیز تھی، جو ایک سنگین بحران کو جنم دے سکتی تھی۔ ترجمان نے کہا کہ پاک بحریہ کے پیشہ ورانہ اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل نے صورتحال کو مزید بگڑنے سے روک دیا۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان بھارتی بحریہ کی جانب سے پاکستانی سمندری حدود سے متعلق مبینہ خلاف ورزیوں کو انتہائی تشویش کی نظر سے دیکھتا ہے۔ بھارت کی جانب سے حقائق کو مسخ کرکے معاملے کو سفارتی سطح پر بڑھانے کی کوشش بھی قابلِ تشویش ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی اقدامات علاقائی امن و استحکام کو متاثر کرنے کی دانستہ کوششوں کی عکاسی کرتے ہیں۔ بھارت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ دوطرفہ معاہدوں اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل کی پاسداری کرے۔

پاکستان نے بھارتی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں کسی بھی ممکنہ غلط فہمی یا کشیدگی کو بڑھنے سے روکا جا سکے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ مستقبل میں بھارتی اشتعال انگیزی کے سامنے موجودہ سطح کے ضبط و تحمل کو غیر معینہ مدت تک یقینی نہیں سمجھا جا سکتا۔

مزید خبریں

Back to top button