سرکاری پولیس وین میں ٹک ٹاک ویڈیو وائرل، خاتون ٹک ٹاکر کی ویڈیو نے نیا تنازع کھڑا کردیا

سیالکوٹ(جانو ڈاٹ پی کے) تھانہ مراد پور کی سرکاری پولیس وین میں خاتون ٹک ٹاکر کی بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سرکاری گاڑی کے مبینہ استعمال پر سوالات اٹھ گئے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں ہانیا ملک نامی ٹک ٹاکر کو پولیس وین کے اندر ویڈیو بناتے دیکھا جاسکتا ہے، جس کے بعد معاملہ سوشل میڈیا پر تیزی سے زیرِ بحث آگیا۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد شہریوں اور سماجی حلقوں کی جانب سے سوال اٹھایا گیا ہے کہ سرکاری پولیس گاڑی کو سوشل میڈیا ویڈیو کی ریکارڈنگ کے لیے کس اجازت کے تحت استعمال کیا گیا اور اس معاملے میں پولیس اہلکاروں کا کیا کردار تھا۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے حقائق سامنے لائے جائیں اور اگر سرکاری وسائل کا غیر مجاز استعمال ثابت ہو تو ذمہ دار افراد کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے۔
دوسری جانب پولیس ترجمان کے مطابق وائرل ویڈیو کے معاملے پر حقائق کی جانچ شروع کردی گئی ہے اور سرکاری گاڑی کے استعمال سے متعلق وضاحت طلب کرلی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ذمہ داری کا تعین اور مزید کارروائی کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔



