20ستمبر سے بیجنگ کی فضائی حدود میں بڑی پابندی، چین نے سکیورٹی مزید سخت کردی

بیجنگ(جانو ڈاٹ پی کے) چین نے دارالحکومت بیجنگ اور اس کے گرد مخصوص فضائی علاقے میں نیا نو فلائی زون قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا، جس کا نفاذ 20 ستمبر 2026 سے ہوگا۔
چینی حکام کے مطابق نئی فضائی پابندی کا مقصد حساس تنصیبات کا تحفظ، فضائی حدود کی سکیورٹی مزید مؤثر بنانا اور زمین پر موجود شہریوں اور املاک کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھنا ہے۔
حکام نے تاحال نو فلائی زون کی حتمی حدود، مجموعی رقبے اور فضائی بلندی کی مخصوص حد سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کیں، جس کے باعث اس اقدام کے دائرہ کار سے متعلق مزید معلومات کا انتظار ہے۔
چینی حکام نے واضح کیا ہے کہ اس پابندی سے عام مسافر ایئرلائنز کی پروازیں متاثر نہیں ہوں گی اور کمرشل فضائی آپریشن معمول کے مطابق جاری رہیں گے۔
اس کے علاوہ ہنگامی اور امدادی پروازوں کو بھی ضرورت کے مطابق اجازت دی جائے گی، جبکہ پابندی کا بنیادی اطلاق چھوٹے نجی طیاروں، جنرل ایوی ایشن اور غیر مجاز فضائی سرگرمیوں پر ہوگا۔
نئے نو فلائی زون کے قیام کو بیجنگ کی فضائی حدود میں سکیورٹی اقدامات مزید سخت کرنے کی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔



