ڈپلو کے نامور طبیب، سماجی کارکن اور میمن برادری کی معزز شخصیت ڈاکٹر حاجی شفیع محمد حامدانی انتقال کر گئے

تھرپارکر(جانوڈاٹ پی کے) ڈپلو کے نامور طبیب، سماجی کارکن اور میمن برادری کی معزز شخصیت ڈاکٹر حاجی شفیع محمد حامدانی انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر پھیلتے ہی ڈپلو سمیت میمن برادری اور علاقے میں سوگ کی لہر دوڑ گئی۔

ڈاکٹر حاجی شفیع محمد حامدانی کو علاقے میں شفیق، خوش اخلاق، ماہر طبیب اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار شخصیت کے طور پر جانا جاتا تھا۔ انہوں نے اپنی طویل عملی زندگی کے دوران طبی خدمات کے ساتھ ساتھ غریب اور مستحق افراد کی مدد میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

ڈاکٹر شفیع محمد نے ایسے دور میں طبی خدمات انجام دیں جب تھر میں ڈاکٹروں اور طبی سہولیات کی شدید کمی تھی۔ محدود وسائل کے باوجود وہ مریضوں کے علاج کے لیے ہر وقت دستیاب رہتے اور ضرورت پڑنے پر ٹارچ کی روشنی میں بھی معمولی آپریشن کرکے مریضوں کی خدمت کرتے رہے۔

وہ ڈپلو اسپتال کی انتظامی ذمہ داریاں نبھانے کے ساتھ مٹھی سول اسپتال میں بھی خدمات انجام دے چکے تھے۔ ان کے لیے اسپتال محض ایک عمارت نہیں بلکہ بیمار اور بے سہارا انسان کے لیے امید کا مرکز تھا۔

ڈاکٹر حاجی شفیع محمد طبی خدمات کے علاوہ سماجی فلاح و بہبود کے کاموں میں بھی پیش پیش رہے۔ وہ غریب خاندانوں کی مدد، مستحق افراد کے لیے کھانے پینے کا انتظام اور غریب و نادار خاندانوں کی بیٹیوں کی شادیوں میں مالی تعاون سمیت مختلف فلاحی کام خاموشی سے انجام دیتے رہے۔ ان کی خاص خوبی یہ تھی کہ وہ نیکی اور سماجی خدمت کو تشہیر کے بجائے خاموشی سے انجام دینے کو ترجیح دیتے تھے۔

ڈپلو شہر، جو صدیوں سے سندھ اور کَچھ کے درمیان تجارت، سماجی روابط اور ثقافتی سرگرمیوں کا اہم مرکز رہا ہے، کی سماجی زندگی میں ڈاکٹر حاجی شفیع محمد حامدانی کی خدمات کو ہمیشہ احترام سے یاد کیا جائے گا۔

ان کے انتقال پر علاقے کے شہریوں، میمن برادری اور مختلف سماجی حلقوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور سوگوار خاندان کے لیے صبر کی دعا کی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button