مریم نواز کا وزیراعظم ریلیف پیکیج کا خیرمقدم، عوام کیلئے بڑا ریلیف قرار

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے عوام کے لیے خصوصی پٹرول ریلیف پیکیج کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے مشکل معاشی حالات میں عوام دوست اقدام قرار دیا ہے۔

اپنے بیان میں مریم نواز شریف نے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں عوام کا احساس کرنا پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی قابل تحسین کاوش ہے۔ انہوں نے وزیراعظم ریلیف پیکیج پر قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کا بھی شکریہ ادا کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان ترقی پذیر ممالک کے عوام کے لیے مشکلات میں اضافہ کر رہا ہے، ایسے حالات میں وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف کی ہدایت پر عوام کو ریلیف فراہم کیا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے دنیا بھر میں ہر طبقہ متاثر ہو رہا ہے، تاہم مشکل معاشی حالات کے باوجود عوام کے لیے وزیراعظم کا ریلیف پیکیج ایک احسن اقدام ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز عوام کے لیے خصوصی پٹرول ریلیف سکیم کا اجرا کیا تھا، جس کے تحت موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیاں استعمال کرنے والوں کو پٹرول پر 100 روپے فی لٹر ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button