کراچی میں سکیورٹی گارڈ کالرزہ خیز قتل،4مسلح ملزموں کی واردات کی ویڈیو سامنے آگئی

کراچی(جانو ڈاٹ پی کے) بھینس کالونی میں مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے باڑے کے سیکیورٹی گارڈ کو قتل کردیا، واردات کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی سامنے آگئی۔

ریسکیو حکام کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص جاں بحق ہوا، جس کی لاش قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کردی گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا معلوم ہوتا ہے۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت شکیل کے نام سے ہوئی ہے، جو باڑے میں سیکیورٹی گارڈ کے فرائض انجام دے رہا تھا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شکیل باڑے کے دروازے پر موجود تھا کہ اسی دوران دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح ملزمان وہاں پہنچے اور اس پر فائرنگ کردی۔

فوٹیج کے مطابق ملزمان کو دیکھتے ہی سیکیورٹی گارڈ شکیل نے ان پر اسلحہ تان لیا اور جان بچانے کے لیے باڑے کے اندر بھاگنے کی کوشش کی، تاہم ایک ملزم نے اسے پکڑ لیا۔

پولیس کے مطابق واردات کے بعد ملزمان سیکیورٹی گارڈ کا رپیٹر بھی اپنے ہمراہ لے گئے اور موقع سے فرار ہوگئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button