لیمبتھ پیلس میں پاکستانی عالم کا بڑا اعزاز،طاہر محمود اشرفی کو ہیوبرٹ والٹر ایوارڈ مل گیا

لندن (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان علما کونسل کے چیئرمین اور قومی پیغامِ امن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے لندن کے تاریخی لیمبتھ پیلس میں منعقدہ پروقار تقریب میں ہیوبَرٹ والٹر ایوارڈ فار ریکنسیلی ایشن اینڈ انٹرفیتھ کوآپریشن 2026 حاصل کرلیا۔

جمعہ کے روز لیمبتھ پیلس کے گریٹ ہال میں منعقدہ تقریب میں یہ اہم اعزاز آرچ بشپ آف کینٹربری سارہ مُلالی نے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کو پیش کیا۔

ایوارڈ امن، مفاہمت، اعتدال، بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی، اقلیتوں کے حقوق، پُرامن بقائے باہمی اور انتہاپسندی، دہشت گردی و فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف ان کی طویل عرصے پر محیط خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔

ہیوبَرٹ والٹر ایوارڈ لیمبتھ ایوارڈز کی اہم کیٹیگریز میں شامل ہے، جو مفاہمت اور بین المذاہب تعاون کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کے اعزاز میں پیش کیا جاتا ہے۔

آرچ بشپ آف کینٹربری کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ان اہم شخصیات میں شامل تھے جنہیں رواں سال لیمبتھ ایوارڈز کی مختلف کیٹیگریز میں نمایاں خدمات کے اعتراف کے لیے منتخب کیا گیا۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کو ہیوبَرٹ والٹر ایوارڈ فار ریکنسیلی ایشن اینڈ انٹرفیتھ کوآپریشن سے نوازا گیا، جو پاکستان میں امن، بین المذاہب ہم آہنگی اور پُرامن بقائے باہمی کے لیے ان کے کردار کا بین الاقوامی اعتراف قرار دیا جارہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button