ڈہرکی میں ماڑی انرجیز کی شجرکاری مہم جاری، سرسبز مستقبل کیلئے بڑا اقدام

ڈہرکی (رپورٹ: وجے کمار چاولا/جانو ڈاٹ پی کے) ماڑی انرجیز لمیٹڈ کے شعبۂ کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (CSR) کی جانب سے ماحولیاتی تحفظ، سرسبزی کے فروغ اور پائیدار ترقی کے عزم کے تحت ڈہرکی اور ماڑی فیلڈ کے مختلف علاقوں میں شجرکاری مہم جاری ہے۔
اسی سلسلے میں ماڑی انرجیز کے نمائندگان اور ٹیکنیکل ٹریننگ کالج ڈہرکی کے افسران نے پودے لگا کر ماحولیاتی تحفظ اور سرسبز ماحول کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔
تعلیمی اداروں میں شجرکاری کا مقصد طلبہ میں درختوں کی اہمیت، ماحول دوست رویوں اور ماحولیاتی ذمہ داری کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا بھی ہے، تاکہ نئی نسل کو ماحول کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دی جاسکے۔
شجرکاری مہم کے دوران مختلف اقسام کے پھل دار، سایہ دار اور آرائشی پودے لگائے جا رہے ہیں، جن میں امرود، کھجور، شہتوت، جامن، آم، انار، لیموں، بیر، چیکو، پپیتا، شریفہ، بٹر پام، کوناکارپس، کنگ پام، سکھ چین، گلِ موہر، نیم، بیکائن، چائنا کنیر، ٹرمینالیا اور ارجن شامل ہیں۔
ماڑی انرجیز کے مطابق ان پودوں کی شجرکاری سے علاقے میں سبزہ بڑھانے، ماحولیاتی خوبصورتی میں اضافے، حیاتیاتی تنوع کے فروغ اور صحت مند ماحول کے قیام میں مدد ملے گی۔
کمپنی کی جانب سے اس سے قبل بھی شجرکاری کے مختلف مراحل میں مقامی اقسام کے پودے لگائے جا چکے ہیں، جن کی شرحِ بقا حوصلہ افزا رہی ہے۔ ان اقدامات کے نتیجے میں علاقے میں سبزہ، حیاتیاتی تنوع، قدرتی توازن اور ماحولیاتی خوبصورتی میں بہتری لانے میں مدد ملی ہے۔
موجودہ شجرکاری مہم ماڑی انرجیز کی طویل مدتی ماحولیاتی پائیداری اور سرسبز ماحول کے فروغ کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ شجرکاری سے فضائی معیار میں بہتری، سایہ کی فراہمی، حیاتیاتی تنوع کے فروغ، ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے میں مدد مل سکتی ہے۔
ماڑی انرجیز کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے تحت صحت، تعلیم، صاف پانی، ماحولیاتی تحفظ اور کمیونٹی کی پائیدار ترقی سمیت مختلف شعبوں میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ کمپنی کے مطابق شجرکاری کا یہ اقدام بھی صاف، سرسبز اور صحت مند مستقبل کے لیے اس کے پختہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔



