5ہزار ڈالر دینے کے سوال پر ٹرمپ آپے سے باہر، رپورٹر کو کہہ دیا ’’تم بدترین ہو‘‘

واشنگٹن (جانو ڈاٹ پی کے) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بڑا انتخابی وعدہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ریپبلکن پارٹی نومبر کے وسط مدتی انتخابات میں ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ دونوں کا کنٹرول برقرار رکھنے میں کامیاب رہی تو ہر بالغ امریکی شہری کو 5 ہزار ڈالر دیے جائیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک نیوز کانفرنس کے دوران ایک رپورٹر نے ٹرمپ سے سوال کیا کہ اگر ان کی معاشی پالیسیاں کامیاب ہیں تو پھر ووٹرز کو 5 ہزار ڈالر کی مالی ترغیب دینے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟
رپورٹ کے مطابق سوال پر ڈونلڈ ٹرمپ برہم ہوگئے اور رپورٹر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’تم بدترین ہو‘‘، تاہم انہوں نے سوال کا براہِ راست جواب دینے سے گریز کیا۔
ٹرمپ کے اس وعدے پر امریکی سیاستدانوں اور معاشی ماہرین کی جانب سے بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اگر تمام اہل بالغ امریکی شہریوں کو یہ رقم دی جاتی ہے تو منصوبے کی مجموعی لاگت تقریباً 1.3 ٹریلین ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے منصوبے پر عمل درآمد کے لیے کانگریس کی منظوری درکار ہوگی، جبکہ اتنی بڑی رقم کی تقسیم سے امریکی معیشت، مہنگائی اور قومی قرضے پر نمایاں اثرات مرتب ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے اشارہ دیا ہے کہ ممکن ہے کہ زیادہ آمدنی رکھنے والے یا امیر امریکی اس رقم کے اہل نہ ہوں، تاہم اس حوالے سے حتمی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔



