بیرسٹر گوہر کا محسن نقوی سے رابطوں پر بڑا انکشاف، تفصیلات بتانے سے انکار

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ان کا رابطہ رہتا ہے اور انہوں نے کبھی اس بات سے انکار نہیں کیا، تاہم محسن نقوی سے رابطوں کی تفصیلات بتانے سے گریز کریں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مذاکرات بانی پی ٹی آئی عمران خان کی پالیسی ہے، تاہم کس سے، کب اور کن شرائط پر مذاکرات ہوں گے، اس کا فیصلہ عمران خان ہی کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف بانی پی ٹی آئی کی مرضی کے بغیر کوئی قدم نہیں اٹھاتی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ مذاکرات کی بات کی اور اس مقصد کے لیے کمیٹیاں بھی تشکیل دیں، تاہم حکومت کی جانب سے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا گیا اور ہماری آواز کو کمزوری سمجھا گیا۔

بیرسٹر گوہر کے مطابق اس وقت حکومت کے ساتھ نہ مذاکرات ہورہے ہیں اور نہ ہی کسی بیک چینل کے ذریعے بات چیت جاری ہے، تاہم قانونی معاملہ اپنی جگہ ہے اور سیاسی حل کے لیے جلد مذاکرات ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر بات چیت کرنی ہے تو سنجیدگی اور خلوص کے ساتھ کی جائے، یہ پالیسی نہیں ہونی چاہیے کہ ’’سوچ کر بتائیں گے‘‘۔

وزیراعظم کے خط سے متعلق سوال پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے خط لکھا تھا اور بالآخر وہ خط تحریک انصاف کو موصول ہوگیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button