ٹنڈوباگو میں انڈین گٹکا سفینہ کی بڑی کھیپ پکڑی گئی، 2 ملزمان گرفتار

ٹنڈوباگو (جانو ڈاٹ پی کے) ٹنڈوباگو کے معروف گٹکا ڈیلر غلام رسول میمن کو اپنے ساتھی شہزاد خاصخیلی سمیت مبینہ طور پر انڈین گٹکا سفینہ کی بڑی کھیپ اسمگل کرنے کے الزام میں ڈیہی پولیس نے گرفتار کرلیا، پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان جھڈو سے ٹنڈوباگو کی جانب مبینہ طور پر انڈین گٹکا سفینہ کی بڑی کھیپ لے کر آرہے تھے کہ ڈیہی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں افراد کو حراست میں لے لیا، پولیس نے مبینہ گٹکے کی کھیپ بھی اپنی تحویل میں لے کر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، تاہم گرفتار گٹکا ڈیلر غلام رسول میمن نے تھانے پر مبینہ طور پر مؤقف اختیار کیا کہ وہ پولیس کی اجازت سے گٹکے کا کاروبار کررہے تھے اور اس سلسلے میں مقررہ ہفتہ وار رقم بھی ادا کرتے تھے، دوسری جانب ڈیہی پولیس کے ایس ایچ او نے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کرنے کے بعد گرفتار غلام رسول میمن اور اس کے ساتھی شہزاد خاصخیلی کو عدالتی ریمانڈ کے لیے ڈسٹرکٹ جیل بدین روانہ کردیا، واقعے کے بعد علاقے میں گٹکے کی مبینہ خرید و فروخت اور اس کاروبار کے حوالے سے مختلف سوالات اٹھائے جانے لگے ہیں۔



