فیصل آباد میں آن لائن سرمایہ کاری فراڈ، 2 ملزمان گرفتار

فیصل آباد(ویب ڈیسک) فیصل آباد میں ایف آئی اے نے آن لائن سرمایہ کاری فراڈ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جن کے قبضے سے ایک کروڑ 30 لاکھ روپے نقد اور 3 کلو سے زائد چاندی برآمد ہوئی ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزمان پر شہریوں کو آن لائن سرمایہ کاری کے نام پر دھوکا دینے کا الزام ہے۔ ملزمان نے مبینہ طور پر تقریباً 4 ہزار شہریوں کو فراڈ کا نشانہ بنایا۔
حکام کا کہنا ہے کہ فراڈ سے حاصل ہونے والی رقوم غریب افراد کے نام پر کھلوائے گئے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کروائی جاتی تھیں، جس کے بعد رقم کو مختلف طریقوں سے استعمال کیا جاتا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان ایک 14 رکنی گروہ کا حصہ ہیں، جبکہ گروہ میں شامل دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور فراڈ میں ملوث دیگر افراد اور مالی لین دین کے مزید پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔



