ڈیجیٹل اثاثوں پر بڑا فیصلہ! پاکستان میں شریعہ ایڈوائزری بورڈ قائم کرنے کا اعلان

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان میں ڈیجیٹل اور ورچوئل اثاثہ جات کے شعبے میں اہم پیش رفت سامنے آگئی۔ چیئرمین پاکستان ورچوئل ایسٹ ریگولیٹری اتھارٹی بلال بن ثاقب نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل اثاثہ جات کے معاملے پر مفتی اعظم پاکستان کو اعتماد میں لیا گیا ہے اور لین دین کے حوالے سے ان سے رہنمائی حاصل کی جا رہی ہے۔

صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بلال بن ثاقب نے بتایا کہ ڈیجیٹل اور ورچوئل اثاثوں کے حوالے سے شریعہ ایڈوائزری بورڈ قائم کیا جا رہا ہے، جس سے ڈیجیٹل اثاثوں کے لین دین اور متعلقہ معاملات میں رہنمائی حاصل کی جائے گی۔

چیئرمین پاکستان ورچوئل ایسٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے مطابق ڈیجیٹل ترسیلات زر کی موجودہ لاگت تقریباً 6.5 فیصد ہے، جسے ڈیجیٹل ترسیلات زر کے ذریعے ایک فیصد تک کم کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ترسیلات زر کی لاگت میں کمی سے پاکستان کو سالانہ تقریباً 41 کروڑ ڈالر کی بچت ہوسکتی ہے۔

بلال بن ثاقب کا کہنا تھا کہ پاکستان ورچوئل ایسٹ ریگولیٹری اتھارٹی نے اپنے قیام کے ابتدائی 6 ماہ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل اثاثہ جات کے شعبے میں تقریباً 4 کروڑ صارفین کی گنجائش موجود ہے، جس سے ملک میں ڈیجیٹل فنانس اور ورچوئل اثاثوں کے شعبے میں وسیع امکانات ظاہر ہوتے ہیں۔

حکام کے مطابق ڈیجیٹل اثاثوں کے شعبے کو باقاعدہ ریگولیٹری اور شرعی رہنمائی فراہم کرنے کے لیے شریعہ ایڈوائزری بورڈ کا قیام اس شعبے میں اعتماد اور شفافیت بڑھانے کی جانب اہم قدم ثابت ہوسکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button