’کون بنے گا کروڑ پتی‘کی میزبانی امیتابھ بچن کیلئے بھی آزمائش بن گئی، دل توڑ دینے والا انکشاف

ممبئی (جانو ڈاٹ پی کے) بالی وڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے مشہور زمانہ ٹی وی شو ’کون بنے گا کروڑ پتی 18‘ کی میزبانی کے دوران پیش آنے والے جذباتی لمحات کے بارے میں کھل کر بات کرتے ہوئے اسے ’دل دہلا دینے والا تجربہ‘ قرار دے دیا۔

امیتابھ بچن اپنی روزمرہ زندگی، کام اور ذاتی احساسات سے متعلق بلاگز کے ذریعے مداحوں سے اپنے خیالات شیئر کرتے رہتے ہیں۔ حالیہ بلاگ میں انہوں نے شو کی میزبانی کے دوران امیدواروں کی ذاتی زندگیوں سے جڑی کہانیوں کے باعث پیدا ہونے والے جذباتی دباؤ کا ذکر کیا۔

سینئر اداکار نے بتایا کہ بعض امیدوار ایسی تکلیف دہ اور ذاتی کہانیاں لے کر آتے ہیں جنہیں سننا ان کے لیے بھی آسان نہیں ہوتا۔ ان کے بقول ایسی صورتحال میں نہ صرف امیدواروں کے لیے اپنے جذبات پر قابو رکھنا مشکل ہوجاتا ہے بلکہ میزبان کے لیے بھی پروگرام کو معمول کے مطابق جاری رکھنا ایک چیلنج بن جاتا ہے۔

امیتابھ بچن نے اپنے بلاگ میں لکھا کہ کچھ امیدواروں کی کہانیاں اس قدر تکلیف دہ ہوتی ہیں کہ اپنے جذبات کو سنبھالنا اور شو کی میزبانی جاری رکھنا مشکل ہوجاتا ہے۔

اداکار کے مطابق یہ پورا تجربہ ان کے لیے انتہائی جذباتی اور دل دہلا دینے والا رہا۔

امیتابھ بچن نے بلاگ کے اختتام پر بتایا کہ رات کافی ہوچکی ہے اور اب وہ آرام کرنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ امیتابھ بچن طویل عرصے سے ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کی میزبانی سے وابستہ ہیں اور شو کے ذریعے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کی زندگیوں اور جدوجہد کی کہانیاں ناظرین تک پہنچاتے رہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button