غیر معیاری موبائل سروس پر قومی اسمبلی کمیٹی برہم،جاز،زونگ اوریوفون طلب

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ملک بھر میں غیر معیاری موبائل سروس اور انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بڑی ٹیلی کام کمپنیوں کے نمائندوں کو آئندہ اجلاس میں طلب کرلیا۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس رکن قومی اسمبلی سید امین الحق کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا، جس میں ملک میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس کے معیار سے متعلق شکایات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ملک بھر میں غیر معیاری موبائل سروس کا مسئلہ فوری طور پر حل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے شکایت کی کہ صارفین کو ایک کال ملانے کے لیے کئی مرتبہ کوشش کرنا پڑتی ہے، اس لیے موبائل سروس کا معیار بہتر بنانا ناگزیر ہے۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ ملک بھر میں انٹرنیٹ کے معیار اور موبائل سروس سے متعلق مسائل موجود ہیں۔ حکام کے مطابق گزشتہ 6 ماہ کے دوران ٹیلی کام کمپنیوں کو 4 شوکاز نوٹس جاری کیے گئے، جبکہ گزشتہ چند برسوں میں مجموعی طور پر 48 شوکاز نوٹس اور 22 وارننگ لیٹرز جاری کیے گئے۔

پی ٹی اے حکام نے مزید بتایا کہ ٹیلی کام کمپنیوں پر مجموعی طور پر 68.9 ملین روپے کے جرمانے بھی عائد کیے جاچکے ہیں۔ پی ٹی اے کسی ٹیلی کام کمپنی پر زیادہ سے زیادہ 350 ملین روپے تک جرمانہ عائد کرسکتا ہے۔

اجلاس میں رکن کمیٹی احمد عتیق نے دعویٰ کیا کہ ملک کے تقریباً 70 فیصد علاقوں میں موبائل سروس کے مسائل موجود ہیں۔

رکن کمیٹی ڈاکٹر مہیش کمار نے یوفون کی سروس سے متعلق شکایت کرتے ہوئے کہا کہ بعض علاقوں میں یوفون کی سروس بالکل کام نہیں کرتی۔

رکن کمیٹی شازیہ فرید نے اسلام آباد کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال پمز میں موبائل سروس کے ناقص معیار کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ وہاں موبائل فون سے مناسب طریقے سے کال تک نہیں ہوسکتی۔

سیکریٹری وزارت آئی ٹی ضرار ہاشم خان نے کمیٹی کو بتایا کہ غیر معیاری موبائل سروس کی ایک وجہ آلات اور دیگر تکنیکی سازوسامان کا مطلوبہ معیار پر پورا نہ اترنا بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کے باعث موبائل ٹاورز کی سروس بھی متاثر ہوتی ہے۔ اس حوالے سے کے الیکٹرک اور وزارت آئی ٹی پر مشتمل ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے تاکہ یہ جائزہ لیا جاسکے کہ بجلی کی بندش کے دوران موبائل ٹاورز کو کس طرح فعال رکھا جاسکتا ہے۔

سیکریٹری آئی ٹی کے مطابق بجلی کی بندش کا اثر صرف بجلی کی فراہمی تک محدود نہیں رہتا بلکہ کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہوتی ہیں۔

قائمہ کمیٹی نے موبائل سروس کے معیار سے متعلق شکایات پر آئندہ اجلاس میں جاز، زونگ اور یوفون کے نمائندوں کو طلب کرلیا ہے تاکہ کمپنیوں سے سروس کے معیار، کوریج اور صارفین کو درپیش مسائل کے بارے میں وضاحت طلب کی جاسکے۔

مزید خبریں

Back to top button