سیف گیمز کی میزبانی، کھیلوں کے انفراسٹرکچر کیلئے 5.7 ارب روپے منظور

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان میں سیف گیمز کے کامیاب انعقاد کے لیے کھیلوں کے انفراسٹرکچر کو عالمی معیار کے مطابق اپ گریڈ کرنے کا بڑا فیصلہ کر لیا گیا۔
سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) محی الدین احمد وانی کے مطابق سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے سیف گیمز کے انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے لیے 5.7 ارب روپے کے پیکیج کی منظوری دے دی ہے۔
وزارت آئی پی سی کے مطابق منصوبے کے تحت اسلام آباد کے پاکستان اسپورٹس کمپلیکس سمیت دیگر شہروں میں موجود کھیلوں کی سہولیات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔ سیف گیمز کے لیے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر مجموعی طور پر 5.7 ارب روپے لاگت آئے گی۔
سیکرٹری آئی پی سی نے کہا کہ انفراسٹرکچر اپ گریڈیشن پیکیج کی منظوری سیف گیمز کی میزبانی کی تیاریوں میں اہم پیش رفت ہے۔ منصوبے کے ذریعے کھیلوں کے مراکز میں سہولیات کا معیار اور استعداد کار بہتر بنائی جائے گی۔
محی الدین احمد وانی کا کہنا تھا کہ پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اور دیگر کھیلوں کی سہولیات کو عالمی معیار کے مطابق بہتر بنایا جائے گا، جبکہ منصوبوں پر بروقت عملدرآمد اور تکمیل یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سیف گیمز کے بعد بھی اپ گریڈ کیے گئے کھیلوں کے مراکز پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے طویل عرصے تک مفید ثابت ہوں گے۔



