مومنہ کو دیکھا اور چند منٹوں میں شادی کا فیصلہ کرلیا، ثاقب چدھڑ

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) اداکارہ مومنہ اقبال کی جانب سے ہراسانی کے الزامات کے بعد خبروں میں رہنے والے مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ نے اداکارہ مومنہ اقبال سے متعلق اپنے ماضی کے جذبات کے بارے میں اہم انکشافات کیے ہیں۔
صحافی ارشاد بھٹی کو دیے گئے انٹرویو میں ثاقب چدھڑ نے بتایا کہ انہوں نے مومنہ اقبال کو پہلی مرتبہ ایک شادی کی تقریب میں دیکھا تھا اور انہیں دیکھتے ہی پسند کرلیا تھا۔ ان کے مطابق مومنہ کو دیکھنے کے چند ہی منٹ بعد انہوں نے ان سے شادی کرنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔
ثاقب چدھڑ کا کہنا تھا کہ وہ مومنہ اقبال کے ساتھ کسی قسم کا تعلق قائم کرنے کے بجائے براہِ راست شادی کرنا چاہتے تھے، اسی لیے انہوں نے اداکارہ کو شادی کی پیشکش بھی کی۔
لیگی رہنما نے انکشاف کیا کہ جس وقت انہوں نے مومنہ اقبال سے شادی کی خواہش ظاہر کی، اس وقت وہ پہلے ہی دو شادیاں کرچکے تھے۔ ان کے مطابق ان کی دونوں اہلیہ بھی مومنہ اقبال سے شادی کرنے کی خواہش سے واقف تھیں۔
ثاقب چدھڑ نے مزید کہا کہ مومنہ اقبال بھی ان کی دونوں شادیوں کے بارے میں جانتی تھیں۔
واضح رہے کہ مومنہ اقبال اور ثاقب چدھڑ کے درمیان گزشتہ کچھ عرصے سے تنازع جاری ہے۔ اداکارہ کی جانب سے ثاقب چدھڑ کے خلاف ہراسانی سے متعلق مقدمہ درج کرائے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، جبکہ ثاقب چدھڑ ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے اداکارہ کے خلاف بھی مختلف جوابی الزامات عائد کرتے رہے ہیں۔
حالیہ انٹرویو میں ثاقب چدھڑ کی جانب سے مومنہ اقبال کو پہلی نظر میں پسند کرنے اور شادی کی خواہش ظاہر کرنے کے انکشاف نے جاری تنازع کو ایک بار پھر خبروں میں نمایاں کردیا ہے۔



