بلال عباس کی شادی ہوگئی؟ دولہا بنے تصاویر نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستانی شوبز کے مقبول اداکار بلال عباس خان ایک نئے انداز میں سامنے آئے تو ان کی تصاویر دیکھ کر مداح لمحہ بھر کے لیے حیران رہ گئے اور کئی افراد انہیں حقیقی زندگی میں دولہا سمجھ بیٹھے۔

بلال عباس خان معروف فیشن برانڈ ریپبلک بائے عمر فاروق کے نئے نکاح فوٹو شوٹ میں دولہا کے روپ میں نظر آئے ہیں۔ فوٹو شوٹ میں اداکار نے سفید شیروانی زیب تن کی، جس پر سلور اور سیکوئن ورک نمایاں تھا، جبکہ ان کے ساتھ موجود ماڈل آف وائٹ اور سلور عروسی لباس میں دکھائی دیں۔

مسجد میں کیے گئے اس فوٹو شوٹ میں دیگر ماڈلز کو بھی خاندان کے افراد کے روپ میں شامل کیا گیا، جس کے باعث پوری سیریز حقیقی نکاح کی تقریب جیسا منظر پیش کرتی دکھائی دی۔

بلال عباس کی دولہا بنے مسکراتی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آتے ہی تیزی سے وائرل ہوگئیں۔ کئی مداح پہلی نظر میں اسے اداکار کی حقیقی شادی سمجھ بیٹھے اور سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصروں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

ایک مداح نے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود شادی شدہ اور دو بچوں کی ماں ہیں، تاہم بلال عباس کو دولہا کے روپ میں دیکھ کر انہیں بھی ’منی ہارٹ اٹیک‘ آگیا۔

تاہم بلال عباس کے مداحوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، اداکار نے شادی نہیں کی بلکہ ان کا دولہا والا یہ روپ صرف ایک فیشن فوٹو شوٹ کا حصہ ہے۔

یوں چند لمحوں کے لیے سوشل میڈیا پر شادی کی قیاس آرائیوں نے زور پکڑا، لیکن حقیقت سامنے آنے کے بعد معلوم ہوا کہ بلال عباس کی وائرل تصاویر کسی حقیقی شادی کی نہیں بلکہ فیشن مہم کی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button