پیٹرول مہنگا ہے یا سستا؟ گورنر سندھ نہال ہاشمی کا بڑا بیان سامنے آگیا

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ اس وقت پوری دنیا میں پیٹرول مہنگا ہے جبکہ پاکستان میں پیٹرول نسبتاً سستا ہے۔ انہوں نے جماعت اسلامی کے احتجاج کے حوالے سے کہا کہ احتجاج سب کا حق ہے، تاہم مظاہروں کے دوران عوام کو تکلیف نہیں ہونی چاہیے۔

گورنر ہاؤس سندھ کے ملازمین کے لیے آگاہی و تشخیصی آئی کیمپ کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نہال ہاشمی نے کہا کہ گورنر ہاؤس کے تمام ملازمین کا مکمل آنکھوں کا معائنہ کیا جائے گا، جس سے امراض چشم میں مبتلا ملازمین کو سہولت فراہم ہوگی۔

انہوں نے آئی کیمپ کے انعقاد پر پاکستان آئی بینک سوسائٹی (PEBS) کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں آنکھوں کے امراض میں مبتلا افراد کی بڑی تعداد موجود ہے اور آنکھوں کی بیماریوں کی مختلف وجوہات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ای بی ایس سمیت متعدد ادارے آنکھوں کے علاج اور سہولیات کی فراہمی کے لیے کام کررہے ہیں۔

نہال ہاشمی نے کہا کہ اپنے اردگرد موجود لوگوں کا خیال رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ گورنر ہاؤس کے باہر بھی ایک کیمپ قائم ہے، جہاں سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

جماعت اسلامی کے احتجاج پر گورنر سندھ کا مشورہ

جماعت اسلامی کے احتجاج کے حوالے سے گورنر سندھ نے کہا کہ احتجاج ہر شہری کا حق ہے، لیکن احتجاج کے دوران کسی دوسرے شخص کو تکلیف نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں لاکھوں افراد احتجاج کرتے ہیں، اپنا پرامن احتجاج ریکارڈ کراتے ہیں اور پھر گھروں کو واپس چلے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کو بھی احتجاج کے حوالے سے اس پہلو کو مدنظر رکھنا چاہیے۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ حکومت اپنا کردار ادا کررہی ہے اور پارلیمنٹ موجود ہے، اس لیے احتجاج کے لیے پارلیمنٹ کا فورم بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کو ایسا رجحان نہیں بنانا چاہیے جس سے عام شہری متاثر ہوں۔

پیٹرول کی قیمتوں پر گورنر سندھ کا مؤقف

نہال ہاشمی نے کہا کہ اس وقت دنیا بھر میں پیٹرول کی قیمتیں بلند ہیں، جبکہ ان کے مطابق پاکستان میں پیٹرول دیگر ممالک کے مقابلے میں سستا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت کبھی نہیں چاہتی کہ عوام کو تکلیف ہو اور حکومت عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنا کردار ادا کررہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button