حسینہ واجد کی بیٹی صائمہ واجد ڈبلیو ایچ او کے عہدے سے مستعفی

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم حسینہ واجد کی بیٹی صائمہ واجد نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے جنوب مشرقی ایشیا ریجن کی ریجنل ڈائریکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

رائٹرز کے مطابق صائمہ واجد کے خلاف مبینہ فراڈ اور دیگر مالی بے ضابطگیوں سے متعلق تحقیقات جاری تھیں۔ انہوں نے جنوری 2024 میں پانچ سال کے لیے ڈبلیو ایچ او کے جنوب مشرقی ایشیا ریجن کی ریجنل ڈائریکٹر کا منصب سنبھالا تھا، تاہم گزشتہ سال سے انہیں جبری رخصت پر رکھا گیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش کے انسدادِ بدعنوانی کمیشن نے بھی صائمہ واجد کے خلاف فراڈ اور جعل سازی کے الزامات میں مقدمہ درج کیا تھا۔

دوسری جانب ڈبلیو ایچ او کی جانب سے ان پر چین کے سفر سے متعلق مالی بے ضابطگیوں، تعلیمی اسناد کے حوالے سے مبینہ غلط بیانی اور بنگلہ دیش میں پلاٹ کے غیر قانونی حصول سمیت مختلف الزامات عائد کیے گئے تھے۔

ذرائع کے مطابق ڈبلیو ایچ او جنوب مشرقی ایشیا ریجن کے نئے ریجنل ڈائریکٹر کے انتخاب کا عمل آئندہ سال جنوری میں مکمل کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button