پنجاب میں پی ٹی آئی کا بڑا دھماکہ، اسٹریٹ موومنٹ شروع کرنے کا فیصلہ

پنجاب میں پی ٹی آئی کی بڑی تحریک کا اعلان، سہیل آفریدی کو لاہور آنے کی دعوت

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف کی پنجاب کی پارلیمانی قیادت نے صوبے میں اسٹریٹ موومنٹ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا، جبکہ قیادت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو پنجاب آنے کی دعوت دے دی۔

رکن قومی اسمبلی نثار جٹ کے مطابق پی ٹی آئی پنجاب کی پارلیمانی قیادت نے متفقہ طور پر صوبے میں اسٹریٹ موومنٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی جب پنجاب آئیں گے تو انہیں بھرپور انداز میں ویلکم کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی پنجاب کے اجلاس میں صوبے میں جاری کریک ڈاؤن پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ ارکان نے مؤقف اختیار کیا کہ کارکنوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور اسٹریٹ موومنٹ شروع ہونے کی صورت میں کریک ڈاؤن مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

اجلاس میں بعض ارکان نے اس خدشے کا بھی اظہار کیا کہ احتجاجی تحریک کے دوران پارٹی کی جانب سے دی جانے والی لانگ مارچ کی کال متاثر نہیں ہونی چاہیے۔

دوسری جانب اجلاس میں اکثریتی ارکان نے اسٹریٹ موومنٹ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر پنجاب کے عوام سڑکوں پر نکلنے کے لیے تیار ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پنجاب کی قیادت کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ "ہم کسی سے نہیں ڈریں گے، آپ جہاں بلائیں گے میں آؤں گا۔”

پی ٹی آئی پنجاب کی قیادت نے اکثریتی ارکان کی حمایت کے بعد اسٹریٹ موومنٹ جلد شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم تحریک کے آغاز کی تاریخ اور وقت کا حتمی اعلان وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کریں گے۔

یوں پنجاب میں پی ٹی آئی کی ممکنہ اسٹریٹ موومنٹ کے اعلان کے بعد سیاسی درجہ حرارت میں مزید اضافے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button