صدر آصف علی زرداری لندن میں ایک ہفتے سے زائد قیام کے بعد وطن واپس پہنچ گئے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)صدر مملکت آصف علی زرداری لندن میں ایک ہفتے سے زائد قیام کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری لندن سے ایک نجی کمپنی کے پرائیویٹ طیارے کے ذریعے پاکستان واپس آئے۔ گزشتہ روز تکنیکی خرابی کے باعث ان کا طیارہ لندن سے روانہ نہیں ہوسکا تھا۔
وطن روانگی سے قبل لندن میں صحافیوں نے صدر مملکت سے مختلف سوالات کیے، تاہم انہوں نے بیشتر سوالات کے جواب دینے سے گریز کیا۔ طبیعت کے حوالے سے سوال پر صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ’’اللہ کا فضل ہے‘‘، جبکہ لندن میں قیام کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا کہ وہاں اچھا وقت گزرا۔
بعد ازاں پاکستانی ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے صدر مملکت کو لندن سے روانگی کے موقع پر الوداع کیا۔
ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری کا برطانیہ کا دورہ تقریباً 6 برس بعد ہوا، اس دوران انہوں نے مختلف طبی معائنے بھی کروائے



