پنجاب میں وزیراعلیٰ ای بائیک سکیم فیز ٹو کا آغاز، 4 لاکھ 32 ہزار طلبہ رجسٹرڈ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر طلبہ کے لیے وزیراعلیٰ ای بائیک سکیم فیز ٹو کا آغاز کردیا گیا، جبکہ سکیم کا پورٹل کھلنے کے صرف 2 روز میں 4 لاکھ 32 ہزار طلبہ نے رجسٹریشن کرالی۔

رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ ہونہار اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ سکیم کے بعد طلبہ کے لیے ای بائیکس کا پورٹل بھی کھول دیا گیا ہے۔ سکیم کے تحت 2 لاکھ 65 ہزار سے زائد طلبہ کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے، جبکہ ایک لاکھ 8 ہزار سے زائد طلبہ درخواستیں جمع کراچکے ہیں۔

طلبہ وزیراعلیٰ الیکٹرک بائیک سکیم کے لیے 4 اکتوبر تک درخواستیں جمع کراسکتے ہیں۔ فیز ٹو کے لیے پنجاب کا ڈومیسائل یا شناختی کارڈ بنیادی شرط ہے، جبکہ امیدوار کا ایچ ای سی سے منظور شدہ ڈگری کالج یا یونیورسٹی کا ریگولر طالب علم ہونا بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔

سکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے طالب علم کی عمر کم از کم 18 سال ہونا لازمی ہے، جبکہ ایک خاندان سے صرف ایک طالب علم کو ای بائیک فراہم کی جائے گی۔

حکومت پنجاب کے مطابق وزیراعلیٰ کی ہدایت پر طلبہ کے لیے ڈاؤن پیمنٹ معاف کردی گئی ہے، جبکہ ای بائیک سکیم کے تحت سود اور انشورنس کی رقم بھی حکومت پنجاب ادا کرے گی۔ بائیک حاصل کرنے والے طلبہ کو صرف 3 ہزار 28 روپے ماہانہ ادا کرنا ہوں گے۔

سکیم کے تحت طلبہ کو ای بائیک کے ساتھ ہیلمٹ اور سیفٹی راڈ بھی مفت فراہم کیے جائیں گے، جبکہ بائیک حاصل کرنے والے طلبہ کو 2 روزہ تربیت بھی دی جائے گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ درخواستوں اور دیگر مراحل کی تکمیل کے بعد 6 ہفتوں کے اندر طلبہ کو ای بائیکس فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

مزید خبریں

Back to top button