105سالہ خاتون نے لمبی زندگی کا راز بتا دیا، چند سادہ عادات نے سب کو حیران کردیا

ٹیکساس (جانو ڈاٹ پی کے) امریکی ریاست ٹیکساس سے تعلق رکھنے والی 105 سالہ بلنڈا ویڈوک نے اپنی طویل زندگی کا راز بتاتے ہوئے ایسی سادہ عادات کا ذکر کیا ہے جو ہر عمر کے افراد کے لیے قابلِ توجہ ہیں۔

ٹی وی انٹرویو کے دوران بلنڈا ویڈوک نے اپنی لمبی عمر کو سب سے بڑھ کر خدا کی مہربانی قرار دیا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ صحت مند طرز زندگی اور چند مستقل عادات نے بھی ان کی زندگی میں اہم کردار ادا کیا۔

105 سالہ خاتون کے مطابق وہ شروع سے ہی جسمانی طور پر متحرک رہی ہیں۔ انہوں نے اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ ٹینس کھیلتے اور سوئمنگ کرتے ہوئے گزارا جبکہ اچھی اور متوازن غذا کے استعمال کو بھی اپنی عادات کا حصہ بنائے رکھا۔

بلنڈا ویڈوک نے ہنستے ہوئے بتایا کہ وہ آج بھی اپنے بچوں، پوتے پوتیوں، نواسے نواسیوں اور ان کی اگلی نسل کو اچھی غذا کھانے کا مشورہ دیتی ہیں، لیکن ان کے مطابق نئی نسل پھر بھی جنک فوڈ کھانے سے باز نہیں آتی۔

انہوں نے موجودہ دور کے طرز زندگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آج زندگی بہت تیز رفتار ہوگئی ہے۔ ان کے مطابق ماضی میں خاندان کے افراد ایک ساتھ بیٹھنے اور مل کر کھانا کھانے کے لیے وقت نکالا کرتے تھے، جبکہ اب یہ روایت کم ہوتی جارہی ہے۔

بلنڈا ویڈوک کی پیدائش 1921 میں ہوئی اور انہوں نے بچپن فلوریڈا کے علاقے ویسٹ پام بیچ میں گزارا۔ نوجوانی میں انہوں نے ایک بینک میں ملازمت بھی کی، جہاں انہیں مبینہ طور پر ہفتہ وار 15 ڈالر اجرت ملتی تھی۔

اپنی زندگی کے دوران وہ ہالی ووڈ کے معروف اداکار کلارک گیبل سمیت دیگر شخصیات سے بھی ملاقات کرچکی ہیں جبکہ نوجوان جان ایف کینیڈی سے ملاقات کی یاد بھی ان کی زندگی کی دلچسپ یادوں میں شامل ہے۔

بلنڈا ویڈوک نے 1946 میں کوسٹ گارڈ چارلس ویڈوک سے شادی کی اور بعد ازاں ٹیکساس منتقل ہوگئیں۔

حیران کن طور پر 105 سال کی عمر میں بھی وہ ذہنی طور پر چاق و چوبند ہیں اور اپنی زندگی سے جڑی یادیں اور دلچسپ واقعات سنانا پسند کرتی ہیں۔ حال ہی میں ان کی 105ویں سالگرہ بھی منائی گئی، جس میں دوستوں اور خاندان کے افراد نے شرکت کی۔

اپنی زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے بلنڈا ویڈوک نے کہا کہ ہر صبح بیدار ہونے پر وہ اس بات کو ایک نعمت سمجھتی ہیں کہ انہیں زندگی کا ایک اور دن دیکھنے کا موقع ملا۔

ان کے مطابق بڑھاپے کا سب سے افسوسناک پہلو یہ ہے کہ انسان اپنے اردگرد لوگوں کو ذہنی صلاحیتیں کھوتے ہوئے دیکھتا ہے، تاہم وہ خدا کی مہربانی سے اب تک اس صورتحال سے محفوظ رہی ہیں۔

105 سالہ خاتون نے اپنی طویل زندگی کے لیے چند سادہ اصول بھی بیان کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کے ساتھ اچھا برتاؤ کریں، ہر چیز میں اعتدال اختیار کریں اور اپنے جسم کا خیال رکھیں۔

بلنڈا ویڈوک کی کہانی ایک بار پھر یہ پیغام دیتی ہے کہ طویل اور فعال زندگی کے لیے جسمانی سرگرمی، بہتر غذا، اعتدال، اچھے انسانی تعلقات اور مثبت سوچ اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button