پاکستان کی سفارتی دنیا میں بڑی تبدیلی! آمنہ بلوچ ترکیہ میں سفیر، عاصم افتخار نئے سیکرٹری خارجہ مقرر

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان کی سفارتی سطح پر اہم پیش رفت سامنے آگئی، سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ ریٹائرمنٹ کے بعد ترکیہ میں پاکستان کی سفیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالیں گی جبکہ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد کو نیا سیکرٹری خارجہ مقرر کردیا گیا ہے۔
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کی 33ویں سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ تین دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط شاندار سفارتی کیریئر کے بعد 17 ستمبر 2026 کو سرکاری ملازمت سے ریٹائر ہوجائیں گی۔ انہوں نے 11 ستمبر 2024 کو سیکرٹری خارجہ کا منصب سنبھالا تھا۔
The 33rd Foreign Secretary of Pakistan, Ambassador Amna Baloch, after a distinguished career spanning over three decades and her tenure as Foreign Secretary since 11 September 2024, will retire from government service on 17 September 2026. I commend her dedicated service and…
— Ishaq Dar (@MIshaqDar50) September 9, 2026
بیان میں آمنہ بلوچ کی تین دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط عوامی خدمت اور وزارت خارجہ کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ انہوں نے پاکستان کی سفارتی تاریخ کے ایک اہم اور فیصلہ کن دور میں وزارت خارجہ کی ذمہ داریاں انجام دیں۔
وزارت خارجہ کے مطابق آمنہ بلوچ ریٹائرمنٹ کے بعد پاکستان کی سفیر برائے ترکیہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔ بیان میں امید ظاہر کی گئی ہے کہ وہ اپنے نئے سفارتی منصب پر بھی اسی عزم اور امتیاز کے ساتھ پاکستان کی خدمت جاری رکھیں گی۔
عاصم افتخار احمد نئے سیکرٹری خارجہ مقرر
دوسری جانب سفیر عاصم افتخار احمد کو پاکستان کا نیا سیکرٹری خارجہ مقرر کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔ عاصم افتخار احمد اس وقت اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔
وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق عاصم افتخار احمد کی قیادت میں دفتر خارجہ پاکستان کے قومی مفادات کو واضح، پیشہ ورانہ اور مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ نئی قیادت آمنہ بلوچ اور ان سے قبل خدمات انجام دینے والے تمام سیکرٹری خارجہ کی جانب سے کیے گئے اہم کام کو آگے بڑھائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری
وزارت خارجہ کے مطابق مذکورہ دونوں اہم سفارتی تعیناتیوں کی وزیراعظم محمد شہباز شریف نے منظوری دے دی ہے۔
یوں وزارت خارجہ میں ایک جانب آمنہ بلوچ کی بطور سیکرٹری خارجہ ذمہ داریاں مکمل ہونے جارہی ہیں، تو دوسری جانب عاصم افتخار احمد نئے سیکرٹری خارجہ کی حیثیت سے اہم ذمہ داریاں سنبھالیں گے، جبکہ آمنہ بلوچ ریٹائرمنٹ کے فوراً بعد ترکیہ میں پاکستان کی سفیر کی حیثیت سے نئی سفارتی ذمہ داری کا آغاز کریں گی۔



