جاپان میں آسمان پھٹ پڑا! ناگویا میں ایک گھنٹے میں 104.5 ملی میٹر بارش، شہر ڈوب گیا

ناگویا (جانو ڈاٹ پی کے) جاپان کے شہر ناگویا میں موسلا دھار بارش نے تباہی مچا دی، ایک گھنٹے کے دوران 104.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہونے سے شہر میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوگئی، سڑکیں اور انڈر پاسز زیرِ آب آگئے جبکہ ٹرانسپورٹ کا نظام شدید متاثر ہوا۔
جاپان کے شہر ناگویا میں 1 گھنٹے میں 105 ملی میٹر بارش سے اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا کردی۔ بارش نے 45 سالہ ریکارڈ توڑ دیا pic.twitter.com/LDhKQiEob7
— Iram (Summan) Dar ♌ (@summandar01) September 8, 2026
جاپان کے محکمہ موسمیات کے مطابق ناگویا میں ایک گھنٹے کے دوران ریکارڈ 104.5 ملی میٹر بارش ہوئی، جو شہر میں ایک گھنٹے کے دوران ریکارڈ کی جانے والی سب سے زیادہ بارش ہے۔ شدید بارش نے چند ہی گھنٹوں میں شہری نظام کو مفلوج کرکے رکھ دیا۔
بارش کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ شہر کی مختلف سڑکیں اور نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے، متعدد گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں جبکہ بعض مقامات پر مین ہولز سے بھی پانی باہر نکل آیا۔ چیکوسا اسٹیشن کے قریب ریلوے ٹریک بھی بارش کے پانی میں ڈوب گیا۔
شدید بارش کے باعث ناگویا میونسپل سب وے کی تمام لائنوں کی سروس عارضی طور پر معطل کردی گئی جبکہ دیگر ریلوے سروسز بھی متاثر ہوئیں۔ ٹرانسپورٹ بند ہونے سے شام کے اوقات میں بڑی تعداد میں مسافر اسٹیشنوں پر پھنس گئے۔
صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر جاپانی حکام نے بعض علاقوں میں شدید بارش اور سیلاب کے حوالے سے اعلیٰ ترین سطح کی ہنگامی وارننگ جاری کی۔ شہریوں کو نشیبی علاقوں، انڈر پاسز اور زیرِ زمین مقامات سے دور رہنے اور محفوظ و بلند مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق ناگویا میں تقریباً 3,500 افراد نے ہنگامی پناہ گاہوں کا رخ کیا، جبکہ ایشین گیمز کے لیے شہر میں موجود تقریباً 400 ایتھلیٹس اور عملے کو بھی عارضی طور پر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں حکام نے بتایا کہ ایشین گیمز کے انعقاد کے شیڈول پر فی الحال کوئی بڑا اثر نہیں پڑا۔
شدید بارش نے وسطی جاپان کے دیگر علاقوں کو بھی متاثر کیا، جبکہ آچی اور گیفو صوبوں میں سیلاب سے متعدد افراد زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں۔ حکام نے مزید بارش کے امکان کے باعث شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
ناگویا میں ریکارڈ بارش نے ایک بار پھر بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ اور شہری نکاسی آب کے نظام کے لیے بڑھتے ہوئے موسمی خطرات کو نمایاں کردیا ہے، جبکہ جاپانی حکام صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔



